۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
بزم استعارہ کی جانب سے قم المقدسہ میں ہفتہ وار شعری نشست کا انعقاد

حوزہ / بزم استعارہ، قم المقدسہ میں مقیم پاکستانی اور ہندوستانی اردو شعراء کی بزم ہے جو انجمن ادبی اقبالؒ لاہوری کے اشتراک سے ہر ہفتے باقاعدگی سے ایک شعری نشست منعقد کرنے کا اعزاز رکھتی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بزم استعارہ (قم المقدسہ)، قم المقدسہ میں مقیم پاکستانی اور ہندوستانی اردو شعراء کی بزم ہے جو انجمن ادبی اقبالؒ لاہوری کے اشتراک سے ہر ہفتے باقاعدگی سے ایک شعری نشست منعقد کرنے کا اعزاز رکھتی ہے۔ اس ہفتے کی شعری و تنقیدی نشست جمعۃ المبارک، 31 مارچ 2023ء کو منعقد ہوئی۔ جس کا اہتمام انجمن ادبی اقبالؒ لاہوری کے دفتر میں کیا گیا اور میزبانی کا شرف بزم کے معزز رکن اور شاعر جناب احمد شہریارؔ کے حصے میں آیا۔

بزم میں شریک شعرا کے اسماء گرامی:

جناب احمد شہریارؔ، جناب عباس ثاقبؔ، جناب ابراہیم نوریؔ، جناب حیدرؔ جعفری، جناب کاچو یوسف دانشؔ، جناب کاچو اظہرؔ، جناب ممتاز عاطفؔ، جناب عنایتؔ شریفی اور جناب ذیشانؔ جوادی۔

اس بزم میں شریک شعرا کے منتخب اشعار قارئین کی خدمت میں پیش کئے جا رہے ہیں:

جناب احمد شہریارؔ:

ہر طرف سبز مناظر کا سماں دیکھتا ہوں

لمحۂ کشف میں ہوں ، سرِّ نہاں دیکھتا ہوں

ہے مری کور نگاہی میں بلا کی شدّت

جو نہاں ہے میں اُسے اور نہاں دیکھتا ہوں

جناب عباس ثاقبؔ:

بُھولے بسرے لفظوں میں بھی ایک دِلاسا ہوتا ہے

الماری میں بند پڑی تحریروں کو آوازیں دے

جناب ابراہیم نوریؔ:

صرف فکرِ مکان و نان و نمک

تیرے افکار آسمانی نہیں

جناب کاچو یوسف دانشؔ:

عشق کے ما سوا کہاں کوئی

راہ سیدھی تری گلی کی ہے

جناب کاچو اظہرؔ:

میں ظلمتوں کے دشت میں گم گشتہ راہ ہوں

یا خضر بھیج یا کوئی جگنو مری طرف

جناب حیدرؔ جعفری:

کون کہتا ہے فقط ہوتے ہیں ہیرے قیمتی

اصل میں ہوتے ہیں اس دنیا میں رشتے قیمتی

جناب ممتاز عاطفؔ:

ہم نے خوں سے جلا جلا کے دیے

راہِ الفت میں روشنی کی ہے

جناب عنایتؔ شریفی:

عمر بھر کی یہی کمائی ہے

میں نے رب کی جو بندگی کی ہے

جناب ذیشانؔ جوادی:

خونِ دل سے سبھی شہیدوں نے

ان چراغوں میں روشنی کی ہے

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .